جامعۃ المدینہ گلوبل ویب سائٹ میں خوش آمدید ملحق شدہ کنزالمدارس بورڈ انٹرنیشنل

 

آج سے کم و بیش بارہ، پندرہ سال پہلے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا مشورہ جاری تھا۔اس مدنی مشورے میں یہ بات زیرِ بحث آئی کہ جامعاتُ المدینہ کو دعو تِ اسلامی کے تنظیمی نیٹ ورک کے ساتھ چلایا جائے یا اس کی الگ سے کوئی ترکیب بنائی جائے۔ مسئلہ یہ تھا کہ دعوتِ اسلامی کی اصل توجہ 12دینی کاموں یعنی مدنی قافلہ، مدنی انعامات (نیک اعمال) وغیرہ پر تھی، ان سب کے ساتھ جامعاتُ المدینہ کا نظام چلانا ایک دشوار معاملہ تھا۔

آخر طے پایا کہ یہ ایک نہایت اہم فیصلہ ہے لہٰذا ہم شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی بارگاہ میں حاضری دے کر راہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ ان دنوں امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی رہائش عالمی مدنی مرکز کے قریبی علاقے پیر الٰہی بخش کالونی (PIB Colony) میں تھی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور یہ معاملہ پیش کیا تو آپ نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد ارشاد فرمایا: میری خواہش تو یہ ہے کہ گلی گلی میں جامعۃُ المدینہ ہونا چاہئے۔

ایک ولیِ کامل کی مبارک زبان سے ان الفاظ کا نکلنا تھا کہ اَلحمدُلِلّٰہ! اس کے بعد جامعۃ ُ المدینہ کے نظام میں دن بدن ترقی ہوتی چلی گئی اور گویا جامعاتُ المدینہ کی لائن لگ گئی۔ ہم نے اپنے بیانات اور مدنی مشوروں وغیرہ میں بھی جامعاتُ المدینہ کی ترغیبات دینا شروع کردیں۔

سِن 2000ء میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ بنی تو اس وقت چار، پانچ جامعۃُ المدینہ ہوں گے مگر اس کے بعد تیز رفتاری سے جامعاتُ المدینہ کھلنا شروع ہوگئے اور آج ان کی تعداد آپ کے سامنے ہے۔

دعوتِ اسلامی میں پاکستان سطح کے خادم کی حیثیت سے میری یہ خواہش ہے کہ ہر تنظیمی ڈویژن میں کم از کم ایک جامعۃُ المدینہ بوائز اور ایک جامعۃُ المدینہ گرلز ضرور قائم ہو۔ اس وقت دعوتِ اسلامی کی تنظیمی ترکیب کے مطابق 1800سے زائد ڈویژن ہیں، اللہ چاہے گا تو وہ د ن بھی آئے گا جب یہ خواہش پوری ہوجائے گی۔

اسی طرح مدرسۃُ المدینہ کے تعلق سے بھی خواہش ہے کہ ہر تنظیمی علاقے میں ایک مدرسۃُ المدینہ بوائز اور ایک مدرسۃُ المدینہ گرلز ہونا چاہئے، اس وقت پاکستان میں تنظیمی ترکیب کے مطابق 6 ہزار سے زائد علاقے موجود ہیں۔ اللہ کریم اس خواہش کو بھی پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔

میری تمنا ہے کہ مجھے اس وقت تک موت نہ آئے جب تک میرے کان یہ نہ سُن لیں کہ ہمارے جامعاتُ المدینہ میں1کروڑ12 لاکھ طلبہ و طالبات علمِ دین حاصل کررہے ہیں۔ اللہ پاک ہمیں وہ دن دکھائے۔ کاش!

 

دُور دنیا کا مِرے دَم سے اندھیرا ہوجائے

ہر جگہ میرے چمکنے سے اُجالا ہوجائے

 

اَلحمدُلِلّٰہ! جامعاتُ المدینہ دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بھی بہت معاون ہیں۔ جامعاتُ المدینہ سے فارغ ہونے والے کئی مدنی اسلامی بھائی دینی کاموں میں خوب فَعّال (Active) ہیں۔

میرے شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی یہ خواہش ہے کہ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ سے لے کر ذیلی حلقے تک اہم ترین ذمّہ داریوں پر مدنی اسلامی بھائی فائز ہوں تاکہ ہمارا ہر کام عین شریعت و سنّت کے مطابق ہو اور ہم اللہ پاک کو راضی کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔

اَلحمدُلِلّٰہ مرکزی مجلسِ شوریٰ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی اس خواہش کو پورا کرنے میں بھی کوشاں ہے۔ ماضی میں مرحوم مفتی محمد فاروق عطاری صاحب مرکزی مجلسِ شوریٰ میں ہماری راہنمائی کرتے تھے جبکہ اس وقت بھی کئی مدنی اسلامی بھائی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا حصہ ہیں۔

ہم نے باقاعدہ اس بات کے لئے کوشش کی ہے کہ دینی کاموں میں فَعّال مدنی اسلامی بھائیوں کو تنظیمی ذمّہ داریاں دی جائیں اور جو پہلے سے ذمہ داریوں پر فائز ہیں انہیں آگے لایا جائے، مثلاً کوئی مدنی اسلامی بھائی ڈویژن نگران ہیں تو انہیں کابینہ نگران بنایا جائے۔ اِنْ شَآءَ اللہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مدنی اسلامی بھائی دعوتِ اسلامی کی نمایاں ذمّہ داریوں پر نظر آئیں گے۔

مرکزی مجلسِ شوریٰ بننے کے بعد ابتدائی سالوں میں ہمیں جامعاتُ المدینہ کا نظام چلانے میں آزمائش کا سامنا تھا کہ تنخواہیں وغیرہ اتنے سارے اخراجات کے لئے چندہ کہاں سے آئے گا؟ نئے جامعات کے لئے عمارات وغیرہ کیسے تعمیر ہوں گی؟ لیکن وقت نے ثابت کیا کہ میرے شیخِ طریقت کا فیصلہ بالکل دُرست اور دور اندیشی پر مبنی تھا۔ اللہ پاک کے کرم سے عمارات بھی بنتی چلی گئیں، مزید بھی بن رہی ہیں، مدنی عطیات میں بھی دن بدن اضافہ ہوتا چلا گیا۔

جامعاتُ المدینہ و مدارسُ المدینہ کے طلبۂ کرام دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بھی خوب مُعاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مَاشَآءَ اللہ! طلبۂ کرام کی ایک تعداد مسجد درس دیتی، چوک درس کی بہاریں لٹاتی، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کی رونقیں بڑھاتی اور مدنی قافلوں میں سفر کرتی ہے بلکہ بعض طلبہ تو 12 ماہ کے مدنی قافلوں کے مسافر بنتے ہیں۔ جامعاتُ المدینہ کے اخراجات کے لئے خود کفالت کا نظام بھی بہتر ہوتا جارہا ہے۔

اللہ کریم دعوتِ اسلامی کے تمام شعبہ جات بالخصوص جامعاتُ المدینہ کو دن گیارھویں رات بارھویں ترقی عطا فرمائے اور اس میں علمِ دین پڑھنے پڑھانے والے اساتذہ و طلبہ کے طفیل ہم سب کی بے حساب مغفرت فرمائے۔

 

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


نگران پاکستان حاجی محمد شاہد عطاری